مزید خبریں

سوشل میڈیا صارفین کی الیکشن کمیشن پرشدیدتنقید

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) عام انتخابات کے 26روز گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ویب سائٹ پر چاروں قومی اورصوبائی اسمبلیوںکے حلقوں کے فارم 45، 46، 48 اور 49 جاری کردیے ہیں،جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانا بنایا ہے۔ تحریک انصاف کے حامی صارف نے لکھا ہے کہ فارم 45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری یہ بھی الیکشن نتائج کی طرح جعلی ہیں۔پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل (سابقہ ٹوئٹر) کی جانب سے فارم 45 کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جعلی فارم 45 میں آپ واضح دیکھ سکتے ہیں کہ کیسے عون چودھری کے 93 ووٹوں کے آگے 4 لگا کر 493 کیا گیا ہے۔سینئر صحافی صابر شاکر نے ایکس پر لکھا کہ الیکشن کمیشن نے بہت دباؤ کے بعد فارم 45 اپ لوڈ تو کردیے ہیں لیکن وہ بھی الیکشن نتائج کی طرح جعلی ہیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ جعلی حکومت کو پوری دنیا میں ذلیل و رْسوا کرنا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا نے سوشل میڈیا پر ای سی پی کو تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ میرے حلقے این اے 128 کے فارم 45 میں 173 ووٹوں کو الیکشن کمیشن نے 973 میں بدل دیا ہے۔صحافی ماجد نظامی نے لکھا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر گجرات کے این اے 64 کے فارم 45 ضرور ملاحظہ فرمائیں۔ تقریباً ہر صفحے پر ایک لطیفہ ملے گا۔ انتہائی بھونڈے انداز میں ووٹ تبدیل کییگئے ہیں۔صرف ایک مثال کہ تحریک انصاف کی قیصرہ الٰہی کے 590 ووٹوں کو 090 بنا دیا گیا ہے۔ جبکہ چوہدری سالک حسین کے 11 ووٹوں کو 511 کیا گیا ہے۔ دیدہ دلیری دیکھیں کہ الیکشن کمیشن نے وہ سارے فارم اپ لوڈ بھی کر دیے ہیں۔صحافی ثاقب بشیر نے لکھا ہے کہ فارم 45 کا پنڈورا باکس کھلنے لگا ہے، الیکشن کمیشن شاید دفاع نہیں کر سکے گا۔صحافی حسن ایوب نے لکھا ہے کہ فارم 45 نہیں بلکہ تھیلے کھولے جائیں تاکہ یہ دھاندلی کا رونا پیٹنا تو ایک کنارے لگے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔صارف اسرار عباسی نے لکھا کہ الیکشن ایکٹ کی شق 95 کی ذیلی شق 10 اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو پابند کرتا ہے کہ وہ 14دن کے اندر تمام فارمزاور فارم45 کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 26روز گزرنے کے بعد وہ بھی جعلی فارمز اپنی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کیا ہے جو ای سی پی کی نااہلی ظاہر کرتی ہے۔