مزید خبریں

شہدا پور:یوٹیلیٹی اسٹور ز پر زائد نرخ پر اشیاء فروخت کی جانے لگی

شہدادپور (نمائندہ جسارت) یوٹیلیٹی اسٹورز پر مقررہ ریٹ سے زائد ریٹ پر اشیاء فروخت کی جانے لگی، آٹا، چینی، گھی غائب، کمپیوٹرائزڈ بل نہیں دیے جاتے۔ تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز عوام کے لیے عذاب بن کر رہ گئے ہیں، ان یوٹیلیٹی اسٹورز پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ سبسڈی کے تحت مختلف اشیاء کے ریٹ کم ہونے کے باوجود زائد ریٹ پر فروخت کی جاتی ہے، ان اسٹورز پر آٹا، چینی، گھی غائب کر دی گئی ہے، جبکہ کمپیوٹرائزڈ بل بالکل نہیں دیے جاتے۔ اس سلسلے میں شہریوں عتیق احمد، عبدالرحمٰن، محمد ندیم اور محمد علی نے صحافیوں کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر حکومت کی سبسڈی سے غریب عوام کو ریلیف ملنے کے بجائے امیر افراد اور دکانداروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے انچارج سستی اشیاء دکانداروں کو فروخت کرتے ہیں جبکہ شہریوں کو آٹا، گھی اور چینی کی خریداری پر مزید 400 سے 500 روپے تک کی خریداری کرنے کا کہا جاتا ہے۔ پورے رمضان میں بھی شہریوں کو کوئی بھی فائدہ حاصل نہیں ہو سکا، یوٹیلیٹی اسٹورز کے انچارج عوام کے لیے سستے داموں آنے والی تمام اشیاء دھڑلے سے دکانداروں کو فروخت کرتے رہے جبکہ علاقائی اور ریجن کے افسران کو شکایت سے بھی کوئی کارروائی سامنے نہیں آسکی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ پور چاکر روڈ پر واقع یوٹیلیٹی اسٹور کے انچارج اے ایس ایم صفدر رند کا گاہکوں سے رویہ انتہائی ہتک آمیز ہوتا ہے، یہ انچارج نہ صرف ان گاہکوں سے بدتمیزی کرتا ہے بلکہ گاہکوں کو دھمکیاں دیتا ہے کہ میں زیادہ باتیں کرنے پر تمہارے خلاف کوئی بھی کارروائی کر سکتا ہوں۔ مختلف سیاسی، سماجی، دینی اور تجارتی حلقوں نے وفاقی حکومت، یوٹیلیٹی اسٹورز کی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو پریشان کرنے اور دھمکیاں دینے والے یوٹیلیٹی اسٹور شاہ پور چاکر روڈ کے انچارج صفدر رند کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے اور شہر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز سے عوام کو سستے داموں اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔