مزید خبریں

کراچی چیمبر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،ایتھوپیئن سفیر

کراچی(کامرس رپورٹر)ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ نے ایتھوپین ایئر لائنز کے کراچی سے ہفتے میں چار بارکامیاب آپریشنز کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام اور کاروبار سے کاروبار روابط کو مدنظر رکھتے ہوئے ایتھوپیئن ایئر لائنز کے کراچی سے فلائٹ آپریشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں متعارف کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو یقیناً پاکستان کو افریقا کے70 سے زائد مقامات سے منسلک کرکے پاکستان کی لوک اینڈ اینگیج افریقا پالیسی میں مددگار ثابت ہوگا۔کراچی میں ایتھوپیئن ایئرلائنز کے آپریشنز کے آغاز اور کے سی سی آئی کے ساتھ ایک معاہدے کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان کھوئے ہوئے روابط کو گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کامیابی سے بحال کیا گیا ہے۔ہم ایتھوپیا کی کارگو سروسز کو پاکستان لانے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں جس سے پاکستان سے بہت ساری اشیاء اور خدمات باقی دنیا تک لے جانے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم تواب، چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ، سینئر نائب صدر الطاف اے غفار، نائب صدر تنویر احمد باری، چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز اینڈ ایمبیسیز لائژن سب کمیٹی فاروق افضل اور کے سی سی آئی منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ایتھوپیئن سفیر نے ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے کے سی سی آئی کو مکمل حمایت اور تعاون پیش کرتے ہوئے کہا کہ 50 ہزار کی مضبوط رکنیت کے ساتھ کراچی چیمبر پاکستان کی معیشت میں بہت اچھا کردار ادا کررہا ہے۔