مزید خبریں

ایتھوپیا میں صنعتکاروں کو 10 سال کا ٹیکس ہالی ڈے دیا جائیگا،ایتھوپین سفیر

کراچی ( کامرس رپورٹر )ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی صنعتکاروں کو ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کرنے پر 10 سال کا ٹیکس ہالی ڈے دیا جائے گا۔ جبکہ صنعتکار اپنی مصنوعات ایتھوپیا میں تیار کرکے نہ صرف ایکسپورٹ کر سکتے ہیں بلکہ مقامی مارکیٹ میں بھی فروخت کر سکتے ہیں۔گزشتہ سال ایتھوپیا کی پارلیمنٹ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی معاہدے کی توثیق کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جوہر قندھاری، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم تواب،ایتھوپیا کی اکنامک کونسلر کاکیدان تادیسے تیزازو، سابق صدور گلزار فیروز، مسعود نقی، احتشام الدین و دیگر بھی موجود تھے۔ ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے مزید کہا کہ ایتھوپیا افریقہ کا گیٹ وے ہے جہاں سے پاکستانی صنعتکار افریقی ممالک کو تجارت بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا میں 98 فیصد قابل تجدید سستی توانائی ہے جو سرمایہ کاروں کیلئے پیداواری لاگت کم رکھنے اور اپنی مصنوعات 1.4 ارب کی افریقی آبادی تک پہنچا سکتے ہیں۔