مزید خبریں

سندھ حکومت کا ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرانیکا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے ٹیکس چوروں اور منشیات فروشوں کے گرد شکنجہ مزید کسنے اور ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری سلیم راجپوت، ڈی جی اورنگزیب پنہور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹیکس چور ملکی خوشحالی کے دشمن ہیں، ان کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا‘ ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شایع کیے جائیں گے، ان کے اکائونٹ فریز کرنے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔ شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈان کو سراہا اور کریک ڈان کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی تعریف کرتے ہوئے کریک ڈائون میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات فروش ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں‘ ان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں اور ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کے قابل افسران اور جوانوں کو ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لایا جائے گا، ابتدائی طور کراچی اور حیدرآباد میں پولیس افسران ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف پراسیکیوشن اور ان سے انویسٹیگیشن کو مضبوط کیا جائے۔ اجلاس میں بہترین کارکردگی والے افسران اور مخبروں کو انعامات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور منتقلی بائیومیٹرک کے تحت کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔