مزید خبریں

عوام کو سیاسی لڑائی کا شکار نہیں ہونے دینگے،فیصل کریم کنڈی

حیدرآباد،لاڑکانہ(اسٹاف رپورٹر،بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی گذشتہ روز سہون شریف پہنچے اور درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دی اورچادر چڑھاکر ملک اور قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی،اس موقع پرصوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ بھی موجودتھے۔اس موقع پر گورنر خیبر پختو نخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری اوربہن فریال تالپورکاممنون ہوں جنہوں نے مجھے گورنر نامزد کرکے صوبہ خیبر پختونخواہ کے عوام کی بلاتفریق فلاح و بہبود ذمہ داری سونپی اور میری پوری کوشش ہوگی کہ میں اپنے قائدین کی امیدوں پر پورا اتروں بعد ازاں گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے سہون شریف میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ گندم اسکینڈل کے متعلق انکوائری جاری ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9مئی پاکستان کا سیاہ ترین دن ہے اور 9مئی کو جو کچھ ہواان کے ذمہ داروں کو سزا ملنا چاہیے اوراس میں ملوث مجروموں کوسزا نہیں ملی تو کسی دوسرے گروپ کو بھی اس قسم کی گھناﺅنی حرکت کرنے کا حوصلہ ملے گا ۔علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے نئے گورنر فیصل کریم کنڈی گڑھ خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو ، مرحومہ بیگم نصرت بھٹو اور مرحومہ امیر بیگم کے مزارات پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے نئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی کے کے لوگوں میں بڑی محرومیاں ہیں ،ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا اور ان کے جائز حقوق سے انکار کیا گیا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ صوبے کی حکمران جماعت نے صوبے کے عوام کو کوئی حق نہیں دیا، وہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ سندھ کی ترقی کو دیکھیں۔ سندھ حکومت صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے جو کچھ کر رہی ہے اس کے مقابلے کے پی کے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ سندھ کے این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یو ٹی کا کے پی کے میں ایک بھی ادارہ نہیں ہے۔ گورنر کے پی کے نے کہا کہ کے پی کے کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور چھوٹے ذہن کے آدمی ہیں، وہ اپنی نااہلی اور کمزوریاں چھپانے کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت پر الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو سیاسی لڑائی کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ گنڈا پور دوسروں پر الزام تراشی کے بجائے اپنے صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں، ہم ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ صوبے کی تمام جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ گورنر ہاو¿س آئیں اور کے پی کے کی ترقی کے لیے تجاویز دیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ، لاڑکانہ سے منتخب ایم پی اے جمیل احمد سومرو، ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین اعجاز لغاری، وائس چیئرمین اسد اللہ بھٹو، ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب پٹھان، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ شرجیل نور چنا سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اور پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔