مزید خبریں

سندھ حکومت ادویات کی قلت کا فوری نوٹس لے، کاشف شیخ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر کاشف سعید شیخ نے مارکیٹ سے جان بچانے والی مختلف ادویات کی قلت ، بلیک میں فروخت اور میڈیسن کمپنیوں کی جانب سے آئے روز جان بچانے والی ادویات کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافے پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے غریب اور دکھی عوام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ میڈیسن کمپنیوں کی جانب سے لوٹ مار پروگرام کا سخت نوٹس لے کر ادویات کی قیمتوںکو کنٹرول کرے تاکہ غریب عوام کو علاج معالجے کے سلسلے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کے مطابق کراچی میں 27 اہم ادویات میڈیکل اسٹورز پر دستیاب نہیں ہیں۔موجودہ جعلی مینڈیٹ کے بل بوتے پر اقتدار پر قابض حکمران ٹولے کے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری،بد امنی سے نجات دلانے کے تمام تر دعوے اور وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ۔ کاشف سعید شیخ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ملک بھر میں ایک بار پھر جان بچانے والی ادویات کی قلت ہوگئی۔ مختلف اقسام کی انسولین، انہیلرز اور نفسیاتی امراض کی ادویات مارکیٹ سے غائب ہیں، بار بار ادویات کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود ملک میں جان بچانے والی ادویات کی قلت برقرار ہے جس کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسلام آباد، لاہور،کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں جان بچانے والی 30 ادویات مارکیٹ سے غائب کردی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ المیہ یہ ہے کہ ہر حکومتی پارٹی اقتدارمیں آنے سے پہلے مہنگائی ، بیروزگاری کے خاتمے اور امن امان کی بحالی سمیت سیاسی ومعاشی استحکام کے بلند بانگ دعوے تو کرتی ہے مگر اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے فارماسوٹیکل کمپنیوں کو تحفظ فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔ ادویات مزید مہنگی کرنے سے غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں ، حکومت فی الفور ادویات کی کمی کے مسئلے کو حل اور قیمتوں میں کمی کے لیے مؤثر اقدمات اٹھاکر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔