مزید خبریں

شہر کے تمام اضلاع میں انسداد تجاوزات مہم شروع کردی‘ میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف مہم شروع کردی ہے، ہر ٹائون میں کے ایم سی انسپکٹرز تعینات کیے جا رہے ہیں، شہری انتظامیہ اور کے ایم سی مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرے گی، عدالتی احکامات کے مطابق شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی ہے، شہر سے تجاوزات ختم کرنے کا مقصد شہریوں کو بے روزگار کرنا نہیں ہے، ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکرز کیلیے جگہ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ وہاں ٹھیلوں اور پتھاروں کو منتقل کیا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں انسداد تجاوزات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی، میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران ایم اے جناح روڈ صدر، ریگل مارکیٹ، موبائل مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ، بوہری بازار اور ضلع جنوبی کے دیگر علاقوںسے تجاوزات ختم کی جائیں گی، اجلاس کے دوران کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنی حدود میں واقع تجاوزات اور ان کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔