مزید خبریں

ٹیلنٹ کے نام پر رقص و موسیقی کے مقابلے باعث شرم ہیں‘حمیرا طارق

لاہور (نمائندہ جسارت )حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق و ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور ڈاکٹر زبیدہ جبیں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے نوجوانوں کے لیے موسیقی کے مقابلہ جات کا انعقاد افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی سرپرستی میں نوجوانان وطن کے لیے موسیقی کے مقابلہ جات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف فلسطین میں اسرائیلی مظالم کا شکار معصوم بچے آہ و بکا کر رہے ہیں، جن کی حمایت اور مدد کے لیے حکمران پارٹی کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہیں ، دوسری طرف حکومت پنجاب کے پاس ناظرہ قرآن کی کتب کی اشاعت کے لیے فنڈز نہیں، اس سال تعلیمی کتب کے پیکٹ میں قرآن کی کتب فراہم نہیں کی گئیںلیکن حکومتی ذمے داران بے پناہ فنڈز استعمال کر کے بے حیائی پر مبنی تقریبات کے اہتمام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیے گئے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قرآن وسنت کی بالادستی قائم کرنے کے بجائے حکمران دین بیزار سرگرمیوں کے فروغ میں مگن ہیں جن کے ذریعے نوجوان نسل کو اسلامی تہذیب و ثقافت سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق و ڈپٹی سیکرٹریز نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ان بے مقصد اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے انعقاد کا اعلان فی الفور واپس لیا جائے اور اس کی جگہ اسکولز میں اسلامی تہذیب و ثقافت پر مبنی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔