مزید خبریں

ملک بھر میں جان بچانے والی 27 ادویات کی قلت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت ملک بھر میں ایک بار پھر مختلف اقسام کی انسولین سمیت دیگر دوائیں مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں، دوائوں کی قلت کے باعث مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈرگ انسپکٹرز نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں انسولین سمیت 27 دوائیں اسٹورز پر دستیاب نہیں، جس کے بعد سندھ کے ڈرگ انسپکٹرز کو عدم دستیاب ادویات کا سروے کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ سیکرٹری صوبائی ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ سید عدنان رضوی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کو خط لکھا ہے جس میں کراچی میں ہونے والی دواؤں کی قلت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ حکام نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی 30 اہم دوائیں مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں جس میں اینٹی بائیوٹکس، نفسیاتی و دماغی امراض، دمے کی دوائیں شامل ہیں جبکہ ٹیٹنس کے انجکشن اور مختلف اقسام کے انہیلرز کی بھی شدید قلت ہے۔ دوسری جانب ڈریپ حکام نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں دوائوں کی کوئی قلت نہیں ہے، سپلائی چین کے ایشوز ہوسکتے ہیں، ہفتہ وار بنیاد پر دواؤں کی موجودگی کا سروے کراتے ہیں، انسولین وافر مقدار میں موجود اور دستیاب ہے۔