مزید خبریں

بھارت نے سکھوں کے مظاہروں پر اظہار تشویش کیلیے کینیڈین ہائی کمشنر کو طلب کرلیا

وینکوور (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشن کے باہر سکھ گروپ کے احتجاج کے خلاف بھارتی وزارت خارجہ نے کینیڈا کے اعلیٰ ترین سفارت کار کو طلب کرلیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کینیڈا میں علیحدگی پسند سکھوں کے ایک گروپ نے بھارت کے سفارتی مشن کے باہر خالصتان تحریک کے رہنما امرت پال سنگھ کی حمایت میں احتجاج کیا جس پر بھارتی حکام نے نئی دہلی میں کینیڈا کے اعلیٰ ترین سفارت کار کو طلب کیا اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے شہر وینکوور میں بھارتی قونصل خانے کے باہر سیکڑوں افراد اکٹھے ہوئے اور بھارت کی جانب سے سکھ علیحدگی پسند امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کے خلاف احتجاج کیا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کینیڈا میں بھارت کے سفارتی مشنز اور قونصل خانوں کے خلاف انتہا پسند اور علیحدگی پسند گروپوں کی کارروائیوں کے بارے میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ایک بیان میں کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ کینیڈا کی حکومت ہمارے سفارت کاروں کی حفاظت اور ہمارے سفارتی احاطے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی تاکہ وہ اپنے معمول کے سفارتی فرائض سرانجام دے سکیں۔