مزید خبریں

بلاول سندھ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،نظام آرائیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور معروف بلڈر چوہدری نظام الدین آرائیں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی کے بعد حیدرآباد اور کوٹری میں بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت کچرا اُٹھانے کا جو کام ترکی کی بین الاقوامی فرم کے ساتھ کیا جارہا ہے وہ حیدرآباد شہر کے لیے منفرد اقدام ہے ۔ حیدرآباد میں اتنے بڑے پیمانے پرکسی دور میں صحت وصفائی کے انتظامات نہیں کیے گئے ، پیپلزپارٹی کی حکومت اور خاص طورپر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، صوبائی وزیر اطلاعات و ماس ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان اور دیگر عہدیداروں کی محنت و لگن کے نتیجے میں حیدرآباد میں اتنا بڑا انقلابی قدم اُٹھایا گیا ہے جس سے حیدرآبا دکی قسمت بدل جائے گی کیونکہ حیدرآباد جوکہ سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے اس میں کچرے اور صحت وصفائی کا مسئلہ برسہا برس سے ہے ۔ حیدرآباد کے مینڈیٹ کے دعویداروں نے کبھی اس شہر کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے جس کی وجہ سے یہ شہر اب کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے لیکن پیپلزپارٹی جوکہ وفاقی جماعت ہونے کے علاوہ ہر زبان بولنے والے کی نمائندگی کرتی ہے اس نے گھر گھر کچرا اُٹھانے کا جو کام شروع کیا ہے حیدرآباد کے شہریوں کے لیے بہت بڑا اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول زرداری سندھ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اب جبکہ سیلاب کی وجہ سے آدھا سندھ ڈوبا ہوا ہے اس کے باوجود کئی علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہے۔