مزید خبریں

کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی‘شجاعت حسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متوقع بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں موجود کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی۔ ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے متعلقہ حکام اور انجینئرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متوقع غیر معمولی بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر تمام کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں نکاسی آب کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے، بارش کے پانی کی نکاسی کرنے کے لیے تمام ترڈی واٹرنگ پمپ اور مشینریز کو مستقل فعال رکھا جائے اور ضرورت پڑنے پر جنریٹرز اور ہیوی مشینری بھی کرایے پر حاصل کی جائے۔ تمام افسران و ملازمین کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 24 گھنٹے اپنے فرائض انجام دیں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے اسکیموں و ٹاؤن شپس میں اپنے اپنے سائٹ آفس میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کیے جائیں۔متوقع بارشوں کی پیش نظر مختلف سوک ایجنسیوں کے ساتھ روابط رکھے جائیں اور مثبت حکمت عملی مرتب کی جائے۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متوقع شدید بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلیے سوک سینٹر میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا ہے جو کہ 24 گھنٹے بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ ہنگامی اقدامات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔