مزید خبریں

سبزی منڈی میں دکانوں کی اور آکشن شیڈز کی جعلی الاٹمنٹ کا انکشاف

کراچی(کامرس رپورٹر)سپر ہائیوے پر قائم سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے مبینہ طور پر الاٹیز کی دکانیں اور شیڈز جعلی الاٹمنٹ پر غیر متعلقہ افراد کو دیئے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور ان ساری وارداتوںمیں لاکھوں روپے بٹورے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی میںدکانوں اور آکشن شیڈز کے حقیقی الاٹیز کو الاٹمنٹ کرانے میںمشکلات کا سامنا ہے اور الاٹمنٹ کیلئے ان سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت طلب کی جارہی ہے ،رشوت نہ دینے کے باعث ایسے الاٹیز کی دکانیںاور شیڈز غیر متعلقہ افراد کو لاکھوں روپے لینے کے بعد جعلی طور پر الاٹ کئے جارہے ہیں،ایک ایسا ہی کیس فائل نمبر1281کی شکل میںسامناآیا ہے ،جہاں 480اسکوائر فیٹ کا آکشن شیڈ حقیقی الاٹی کے بجائے جعلی طور پرغیر متعلقہ فرد کو الاٹ کردیا گیا ،اس سے قبل فائل نمبر1327کے ذریعے 1200ااسکوائر فیٹ کی دکان بھی حقیقی الاٹی سے چھین کر 300اسکوائر فیٹ کی چار دکانیں بنا کر غیر متعلقہ افراد کو بھاری رشوت کے عوض حوالے کر دی گئیں،ذرائع کے مطابق منڈی میںسبزی اور فروٹ سیکشن میںایسے متعدد کیسز ہیں،جہاں کمزور اور اثر رسوخ نہ رکھنے والے الاٹیز کو ڈرا دھمکا کر ان کی دکانیںاور آکشن شیڈز جعلی الاٹمنٹ کے ذریعے ہتھیا جارہے ہیں۔سبزی منڈی میں تاجروں نے چیف سیکریٹری،نیب اور ایف آئی اے سے اپیل کی ہے کہ سبزی منڈی کا ریکارڈ تحویل میںلے کر جعلی الاٹمنٹ اور قبضوںکی تحقیقات کرائی جائیں اور اس بات کا نوٹس لیا جائے کہ سابقہ اور موجودہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ہائیکورٹ اورصوبائی محتسب کے احکامات کیوں ہوا میںاڑا دیئے گئے۔