مزید خبریں

حکومتی سطح پر مقابلہ موسیقی کا انعقاد باعث شرم ہے، شجاع الدین

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایک اسلامی نظریاتی ریاست کے سب سے بڑے صوبے میں حکومتی سطح پر گانے بجانے کی ترویج باعث شرم ہے۔یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کا صوبہ بھر میں مقابلہ موسیقی کا انعقاد کرنا اسلامی تعلیمات سے کھلی بغاوت اور مملکتِ خداداد پاکستان کے اسلامی تشخص کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ متعدد احادیث مبارکہ میں موسیقی اور آلاتِ موسیقی کو حرام اور
گانے بجانے کو شیطانی فعل قرار دیا گیا ہے۔ پھر یہ کہ گانے بجانے والوں اور موسیقی سننے والوں کو آخرت میں سخت عذاب کی وعید سنائی گئی ہے۔ امیر تنظیم نے کہا کہ پنجاب بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ نیز عام شہریوں کو اس شیطانی کھیل میں حصہ لینے کی زوردار تحریک دی جا رہی ہے جو درحقیقت دجالی مغربی تہذیب کے لیے راستہ ہموار کرنے کے مترادف ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مغرب کا اپنا سماجی نظام تو مکمل طور پر تباہی و بربادی کا شکار ہو چکا ہے اور اب اس کی پوری کوشش ہے کہ وہ مختلف ذرائع استعمال کرکے اور حکومتوں پر دباو¿ ڈال کر مسلمان ممالک کے اخلاقی اور معاشرتی نظام کو بھی تباہ کر دے، حقیقت یہ ہے کہ اسلام ایک باحیا اور اعلی اخلاقی معیار پر مبنی معاشرے کی تشکیل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے اور حکومت پنجاب کو موسیقی جیسے حرام فعل کا مقابلہ کروانے کی سوجھ رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شیطنت پر مبنی پنجاب مقابلہ موسیقی 2024 کو فوری اور مستقل طور پر منسوخ کیا جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا دینی، ملی اور قومی فریضہ ہے کہ ہر نوع کی بدی کے تمام ذرائع کا سدِباب کریں۔