مزید خبریں

پابندی کے باوجود پتنگ بازی پر قابو نہ پایا جا سکا، عمیس عزیز

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم عمیس عزیز نے گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہرسال کئی افراد اس خونی ڈور کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیںلیکن حکومت سنجیدگی سے اس خونی کھیل کے خلاف کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیتی جس کی وجہ سے اپنی جانوں گنوا رہے ہیں۔ ڈویژنل ناظم عمیس عزیزنے المناک واقعے کو ضلعی اور صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی پولیس تھانہ، بیچنے والوں اور اس کی ترغیب دینے والوں پر بھی قتل کا مقدمہ درج کیا جائے، عمیس عزیزنے کہاکہ تفریح کے نام عوام کے گلے کاٹنے کی آزادی دے دی گئی ہے، صوبائی حکومت کی پابندی کے باوجود پولیس کی نااہلی سے شہر میں پتنگ بازی پر قابو نہ پایا جا سکا، پولیس اور انتظامیہ کی نااہلی سے ایک اور ماں کی گود اُجڑ گئی، محض ایس ایچ او کی معطلی سے شہریوں کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ پتنگ بازوں نے پولیس کی جانب سے پتنگ بازی کے خلاف آپریشن کے تمام دعوے ہوا میں اُڑا دیے، پولیس کو بخوبی علم ہے کہ کہاں ڈور، پتنگیں تیار اور فروخت ہوتی ہیں لیکن پولیس نے ڈوراور پتنگیں فروخت کرنے والوں سے ماہانہ لے کرانہیں ہرطرح کی آزادی دے رکھی ہے، کارروائی کے نام پر گلی محلوں میں کھیلنے والے معصوم بچوں کو گرفتار کر لیا جاتا ہے جبکہ اصل ذمہ داران کو کچھ نہیں کہا جاتا۔