مزید خبریں

ہر حال میں طاغوت کیخلاف علم بغاوت بلند کرنا یوم بدر کا پیغام ہے ،اسد اللہ بھٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت جمعرات 17 رمضان المبارک کو یومِ بدر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ صوبائی اعلامیے کے مطابق حق و باطل کے پہلے معرکے یومِ بدر کے حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں اجتماعات جلسے منعقد کیے گئے۔جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی ومقامی رہنما اورعلما کرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ مقام بدر میں تاریخ اسلام کا وہ عظیم الشان یادگار دن ہے جب17 رمضان المبارک کے روز اسلام اور کفر کے درمیان پہلی فیصلہ کن جنگ لڑی گئی جس میں کفار قریش کے طاقت کا گھمنڈ خاک میں ملنے کے ساتھ مٹھی بھر مسلمانوں کو وہ ابدی طاقت اور رشک زمانہ غلبہ نصیب ہوا جس پر آج تک مسلمان فخر کا اظہار کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کی خاص فتح ونصرت سے 313 مسلمانوں نے اپنے سے3 گنا بڑے لاؤ لشکر کو اس کی تمام تر مادی اور معنوی طاقت کے ساتھ خاک چاٹنے پر مجبور کر دیا۔جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کراچی میں یوم بدرکے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزوہ بدر مسلمانوں کو یہ درس دیتا ہے کہ ظاہری وسائل و ذرائع کی کمی کے باوجود اگر مسلمان اللہ تعالیٰ پر کامل توکل رکھتے ہوں تو وہ انہیں بے یارومددگار نہیں چھوڑتا۔حق کے غلبہ کے لیے اللہ پرتوکل جذبہ جہاد اورشوق شہادت کے آگے مال ودولت سمیت مادی وسائل کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہاکہ غزوہ بدر کو دیگر غزوات پر کئی اعتبار سے فوقیت حاصل ہے۔ اسے کفر و اسلام کا پہلا معرکہ ہونے کا شرف حاصل ہے۔ خود حضور اکرمؐنے غزوہ بدر کو ایک فیصلہ کن معرکہ قرار دیا اور قرآن مجید نے اسے یوم الفرقان سے تعبیر کر کے اس کی اہمیت پر مہرثبت کر دی۔جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرممتازحسین سہتو نے ریاض چوک ٹھل میں یوم بدرکے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم بدراسلامی تاریخ کا اہم دن ہے۔جس دن طاغوتی قوتوں کو شکست ہوئی اوراسلامی ریاست کے دفاع میں لڑنے والے مجاہدین نے ایسا کردار پیش کیاجوقیامت تک حق کے علمبرادروںکے لیے مشعل راہ ہے ،آج پھر امت مسلمہ کے اہم مرکزسرزمین انبیا فلسطین پرسامراجی قوتیں حملہ آور ہیں۔ان کے مظالم نے تاریخ کے سارے ریکارڈ توڑدیے ہیں اس کے باوجودمجاہدین فلسطین ان کو منہ توڑ جواب دیا ہے اورپوری امت مسلمہ ان کی پشت پرکھڑی ہے لیکن افسوس کے نام نہاد مسلم حکمران اورافواج عالم اسلام۔آج یوم بدرکادن ہمیں پیغام دے رہا ہے کہ وارثان بدر اٹھیں اوران طاغوتی قوتوں کو ایک بارپھر شکست دیکرانسانیت کا سراونچاکریں۔جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرحافظ نصراللہ چنا نے کورنگی کراچی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزوہ بدر کو 14 سو سال گزر چکے ہیں لیکن اس کی یاد آج کے گئے گزرے مسلمانوں کے ایمان کو بھی تازہ کر دیتی ہے، صدیوں بعد آج بھی مقام بدر کفار مکہ کی شکست فاش اور مسلمانوں کی فتح و کامرانی کی گواہی دیتا ہے۔موجودہ دور میں مسلمانوں زوال پذیری اور کفار کے غالب آنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ آج مسلمانوں کے تمام وسائل موجود ہونے کے باوجود بھی وہ بدر و احد کے جذبے سے عاری ہیں۔