مزید خبریں

وفاقی وزیر داخلہ کی وزیر اعلیٰ پختونخوا سے ملاقات ،امن و امان کی صورتحال پر گفتگو

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے ملاقات کی جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے صوبے میں امن و امان سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کوآرڈینیشن بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں چینی باشندوں پر حملے کی مذمت کی گئی اور دونوں رہنماؤں نے چینی حکومت اور ہلاک شدگان کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے اور دہشتگردی کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ امن وامان صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہمارا اولین مقصد ہے۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ صوبے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا فرنٹ لائن صوبہ ہے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب ایک دن قبل خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔