مزید خبریں

امریکا: افغان شہریوں کیلیے 12ہزار ویزوں کی منظوری

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے افغان شہریوں کے لیے 12 ہزار اضافی خصوصی امیگرینٹ ویزوں کی منظوری دے دی۔ ایس آئی وی نامی کانگریس کے پروگرام کے تحت مستقل رہایش اور امریکی شہریت بھی ملنے کا بھی امکان ہے۔ اسپیشل امیگرینٹ ویزوں کی منظوری سمیت درخواست کے عمل میں تقریباً 3سال لگتے ہیں۔امریکا میں قائم غیر سرکاری تنظیم کی صدر نے کہا ہے کہ یہ ویزے ہمارے تمام افغان اتحادیوں کی مدد کے لیے کافی نہیں ہوں گے۔ امریکی قانون سازوں نے 12کھرب ڈالر کے اخراجات کے پیکیج میں افغان شہریوں کے لیے اضافی 12ہزار خصوصی تارکین وطن کے ویزے شامل کیے ہیں جنہوں نے افغانستان میں امریکی مشن کی حمایت کی تھی ۔ انہوں نے اس پروگرام کو 2025 ء کے آخر تک بڑھا دیا ہے۔اضافی ویزوں کی یہ تعداد درخواست کیے گئے 20 ہزار ویزوں کی تعداد سے ابھی بھی کم ہے۔ صدر جو بائیڈن نے حکومت کی جزوی بندش کی امکان سے بچنے کے لیے اخراجات کے ان بلوں پر ہفتے کے روز کانگریس کی منظوری کے چند ہی گھنٹوں بعد دستخط کر کے انہیں قانونی شکل دی تھی۔ پناہ گزینوں کی آبادکاری کے ادارے گلوبل ریفیوج کی صدر اور سی ای او کرش اومارا وگناراجا نے ایک بیان میں لکھا کہ کانگریس کے دو جماعتی تعلقات حوصلہ افزاہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بات ابھی انتہائی تشویش کا باعث ہے کہ بائیڈن انتظامیہ اور کانگریس نے یہ کارروائی اس وقت کی جب حکومت بندش کے قریب تھی۔واضح رہے کہ اسپیشل امیگرینٹ ویزوں کا پروگرام کانگریس کی طرف سے منظور کردہ ایک پروگرام ہے جس کے تحت 5لاکھ خصوصی ویزے دستیاب ہو سکتے ہیں۔