مزید خبریں

محکمہ اینٹی انکروچمنٹ نے میئر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے

کراچی ( رپورٹ: محمدانور) شہر کی سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے میئر کراچی مرتضٰی وہاب کے واضح احکامات کو ہوا میں اڑادیا گیا جس کے نتیجے میں 17 رمضان میں تمام سڑکوں پر رمضان المبارک کے مہینے میں غیر معمولی تجاوزات اور پتھارے لگا دیے گئے جس کے نتیجے میں مختلف سڑکوں پر ٹریفک کا غیر معمولی رش پیدا ہوگیا ‘ لوگوں اور گاڑیوں کو اس رش کی وجہ سے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایم اے جناح روڈ، شاہراہ پاکستان، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ پر ہر چند گز کے فاصلے پر ٹریفک بری طرح جام رہنے لگا ۔ ایک محتاط جائزے کے مطابق بلدیہ عظمٰی کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے کے ساتھ ٹریفک پولیس بھی ان تجاوزات کو ہٹانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ 10 مارچ کو رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے سے 2 روز قبل میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے میٹرو پولیٹن کمشنر اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد کے ساتھ ایک اعلی سطح اجلاس کرتے ہوئے کے ایم سی اور دیگر اداروں کے افسران کو ہدایت کی تھی کہ رمضان المبارک کے مہینے میں تمام سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کردیا جائے اور کسی بھی مقامات پر تجاوزات قائم نہ ہو نے پائے مگر ان کے احکامات کو کے ایم سی سمیت تمام متعلقہ اداروں نے ہوا میں اڑادیا جس کے نتیجے میں شہر کی تمام سڑکے اسٹریٹ و روڈز مارکیٹوں میں تبدیل ہو چکے ہیں جس کے نتیجے میں روزانہ سر شام ہوتے ہی سڑکوں پر غیر معمولی ٹریفک جام ہونے لگ جاتا ہے۔