مزید خبریں

شکیل شیخ سے میونسپل کارپوریشن کے وفد کی ملاقات

نیشنل لیبرفیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ سے میونسپل کارپوریشن بلدیہ حیدرآباد کے نمائندہ وفد نے فیڈریشن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ ، NLF حیدرآباد زون کے صدرعبد القیوم بھٹی، سینئر نائب صدر مبین راجپوت، جنرل سیکرٹری اعجاز حسین بھی موجود تھے۔ میونسپل کارپوریشن بلدیہ حیدرآباد کے وفد نے کہا کہ بلدیہ حیدرآباد میں ریٹائر ڈ ہونے والے ملازمین کو پنشن، گریجویٹی، گروپ انشورنس اور دیگر قانونی بقایاجات ادا نہیں کیے جا رہے جس سے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ پہنچی ہے۔ جبکہ فنڈ موجود ہونے کے باوجود موجودہ میونسپل کمشنر اور میئر حیدرآباد ملازمین کے ساتھ تعاون کرنے اور ان کی مشکلات کو حل کرنے کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر شکیل احمد شیخ نے کہا کہ موجودہ میونسپل کارپوریشن حیدرآباد جو کہ تاریخی بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد ہے جس کی ایک مکمل تاریخ ہے اور بلدیہ کے ملازمین 24 گھنٹے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیںجبکہ موجودہ لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت میونسپل کارپوریشن کا شیرازہ بکھیر دیا گیا ہے اور تمام ملازمین کو ٹائون میں بھیج دیا گیا ہے جہاں پر کئی ٹائون ایسے ہیں کہ جو آزادانہ طور پر رشوت طلب کر کے غریب ملازمین سے معاملات طے کر رہے ہیں۔ ہم ان کو متنبہ کرتے ہیں کہ اپنا رویہ اور کرپشن کو ختم کردیں، بصور ت دیگر نیشنل لیبر فیڈریشن ٹائونز اور میونسپل ملازمین کی قیادت کرتے ہوئے تمام میونسپل افسران ٹائون چیئرمین میونسپل کمشنر حیدرآباد اور میئر حیدرآباد کا گھیرائوں کرنے پر مجبور ہوگی، فوری طور پر غریب ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن جاری کی جائے اور ان کی گریجویٹی اور دیگر بقایاجات فوری جاری کرنے کے احکامات صادر کیے جائیں نہ کرنے کی صور ت میں میونسپل کمشنر حیدرآباد اس کے ذمہ دار ہوں گے۔