مزید خبریں

پاکستان عازمین کیلیے مختصر دورانیے کا حج پیکج متعارف کرانیکا اعلان

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین کے لیے مختصر دورانیے کا حج پیکج متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے بتایا کہ 2024 ء میں 18 سے 20 دن کے حج کا پیکیج بھی دیا جائے گا، 40 دن یا مختصر حج کا فیصلہ حجاج کرام خود کریں گے۔سعودی حکومت نے کراچی کو اگلے حج میں روڈ ٹو مکہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انیق احمد کے بقول سعودی حکومت نے دو ٹوک فیصلہ کیا ہے کہ صرف 46 کمپنیاں ہی پاکستان سے حج آپریشن چلائیں گی، سعودی عرب سے 900 حج کمپنیوں کو 46 کمپنیوں میں بدلنے کے فیصلے پر نظرثانی کا کہا مگر وہ نہیں مانے۔انہوںنے بتایا کہ عام طور پر حج کا پیکیج 35 سے 50 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے جس میں رہائشی ہوٹل، کھانے اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات ملا کر مجموعی طور پر غیر معمولی خرچ ہو جاتا ہے۔