مزید خبریں

گورنرہائوس کے سامنے دھرنے میں جے آئی یوتھ شریک ہوگی

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر حافظ محمدنویداعوان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف گورنرہاوس لاہور کے سامنے جماعت اسلامی عوامی احتجاجی دھرنے میںجماعت اسلامی یوتھ فیصل آبادکے نوجوان آج بروز جمعہ بھرپورشرکت کریں گے۔حافظ محمدنویداعوان نے کہاکہ عوام کی آنکھوں میں خواب کے بجائے خوف ہے، یہاں موت سستی اور روٹی مہنگی اور عوام امن کو ترس رہے ہیں۔ مہنگائی ہر فرد اور گھر کا مسئلہ ہے، حکمران عالمی اداروں کے کہنے پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنا بند کریں، موجودہ اور سابق حکومتیں آئی ایم ایف کے مفادات کی نگرانی پر مامور ہیں۔ مہنگائی سے پوری قوم بری طرح متاثر ہے، اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے، عملی اقدامات کیے جائیں۔ ملک وسائل سے مالامال ہے، مسئلہ کرپشن، چور بازاری، مفت خوری او رمس مینجمنٹ ہے، اسمگلنگ کنٹرول کرنا حکومت اور اداروں کا کام ہے۔ ہم 100فیصد قوم کی ترجمانی کر رہے ہیں، ہماری پرامن احتجاجی تحریک اب نہیں رکے گی،انہوں نے مزیدکہاکہ سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے حلف کے ساتھ اُن سے بڑی توقعات وابستہ ہوگئی ہیں۔ عدلیہ کی تقسیم اور جانبدارانہ اسلوب کے گہرے تاثر کو ختم کرنا ہوگا۔ ہر لمحہ سیاسی، آئینی، انتخابی مقدمات، پٹیشنز پر سپریم کورٹ کو مستقل بنیادوں پر میکنزم بنانا ہوگا۔ قوم کی توقعات ہیں کہ نئے چیف جسٹس اعلیٰ عدلیہ کے چہرے اور کردار کو درست سمت پر لائیں گے۔ سپریم کورٹ کے تمام معزز جج حضرات کو بھی اپنا رویہ، اسلوب بدلنا ہوگا۔ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے صاف ستھرا کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ناپسندیدہ واقعات نے سیاست، ریاست اور قانون کے نفاذ میں جوہری تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔ سیاسی، جمہوری محاذ پر لاقانونیت، شدت، عدم برداشت اور انتقامی سیاست ہمیشہ سیاست دانوں اور جمہوریت کے لے زہرِ قاتل بنتی ہے اور ریاستی طاقتوں کو ہر طرح کے اقدام اور اندھی طاقت کے استعمال کا حق مل جاتا ہے۔ پرویز الٰہی کی 12 ویں مرتبہ گرفتاری عجوبہ اور معمہ بنی ہوئی ہے۔ قومی سیاسی قیادت کو سیاسی اقتصادی بحرانوں کے خاتمہ کے لیے قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کرنا ہوگا، وگرنہ رفتہ رفتہ سیاسی قوتوں کے ہاتھ سے سب کچھ پھسل جائے گا۔حافظ نویداعوان نے کہاکہ پیٹرول کی قیمتوں میں ہولناک اضافہ اور بجلی بلوں میں ناقابلِ برداشت اضافہ سے عام آدمی سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔ نگران حکومت اور اِس پر بالادست اسٹیبلشمنٹ کو احساس ہی نہیں کہ عام آدمی کس حالت، کس کسمپرسی کا شکار ہے۔ جماعتِ اسلامی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑے گی۔ عوام کے دُکھوں، احساسات کی ترجمانی کے لیے پورے ملک میں احتجاج جاری رہے گا۔ چاروں گورنر ہاؤسز کے باہر پُرامن دھرنے، احتجاج سنگِ میل بنیں گے۔ مہنگائی سے ستائے عوام پہیہ جام اور اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے تیار ہیں۔