مزید خبریں

منصفانہ انتخابات ہی پاکستان کے بحران کا خاتمہ کرسکتے ہیں، امریکا

واشنگٹن (آن لائن) امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا الزبتھ ہورسٹ نے کہا ہے کہ امریکا، پاکستان میں ایسے منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی حمایت جاری رکھے گا جو انتشار سے پاک ہوں اور لوگوں کو یہ فیصلہ کرنے کی اجازت دیں کہ ان پر کون حکمرانی کرے گا۔صاف شفاف انتخابات ہی پاکستان میں جاری بحران کا حل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سیمینار سے خطاب کرتے الزبتھ ہورسٹ نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ عالمی مالیاتی فنڈ کی تجویز کردہ اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھے کیونکہ یہی اس کی بیمار معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا نے امریکا کو پاکستان کے ساتھ تعلقات کو دوطرفہ تعلقات کے طور پر دیکھنے کا موقع دیا ہے، ان تعلقات میں اقتصادی سلامتی اور سیاسی صورتحال جیسے اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اس تعلق کے سیاسی پہلو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا، پاکستان میں جمہوریت کا حامی ہے لیکن وہ کسی مخصوص شخص یا جماعت کی حمایت نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی حمایت کرتے ہیں جو اپنے ملک کی اگلی حکومت منتخب کرنے کا حق رکھتے ہیں۔