مزید خبریں

الخدمت کا ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کیلیے ٹیم ترکیہ بھیجنے کا اعلان

کراچی/ لاہور(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) الخدمت پاکستان نے ترکی کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں حصہ لینے کے لیے ٹیم بھیجنے کا اعلان کر دیا ۔ اسسٹنٹ سیکرٹری پاکستان و چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ ترکی میں زلزلہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہو ئی ہے اور اس تباہی کے نتیجے میں بہت جانی ومالی نقصان ہوا ہے ۔اس وقت وہا ں ایمرجنسی نافذ ہے ۔الخدمت اپنے ترک بھائیوں کی مدد کے لیے رضاکاروں کی ٹیم بھیجے گی جو وہاں ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے گی جبکہ متاثرین کو امدادی سامان بھی بھیجا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت ،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن( پیما ) کے تعاون سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیم بھی ترکی بھیجے گی جہاں وہ ترک بھائی کو طبی سہولیات اور دوائیں فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی روانگی کے سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ قدرتی آفت نے ترکی کے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے اور انہیں اب ہماری فوری مدد کی ضرورت ہے ۔الخدمت نے فوری طور پر ترک زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے فنڈ قائم کیا ہے اور ملک بھر کے عوام سے اور مخیر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ترک بھائیوں کی مدد کے لیے الخدمت کا ساتھ دیں ۔اپنے ہم وطنوں اور اہل خیر سے اپیل کرتا ہوں کہ ترک بھائیوں کی مدد نقد ررقوم کی صورت میں الخدمت کو عطیہ کریں ۔دریں اثنا ترکیہ اور شام میں آئے ہولناک زلزلے کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن کے سینٹرل بورڈ آف مینجمنٹ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ترکیہ اور شام میں نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں الخدمت کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت نے زلزلے کے فوراً بعد لوکل پارٹنر کے ساتھ پکے پکائے کھانے، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی تقسیم شروع کر دی ہے اور ابتدائی طور پر 7 رکنی میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ روانہ کی جا رہی ہے جس میں 2 آرتھو پیڈک سرجن، ایک جنرل سرجن، 2 اینستھیزیا کے ڈاکٹرز، ایک آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن اور ایک نرسنگ ٹیم کا فرد شامل ہیں۔ میڈیکل ٹیم اپنے ساتھ ضروری سامان اور ادویات بھی لے کر جائے گی جو 2 سے 3 ہفتے زلزلے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشن جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ ترکیہ اور شام ہمارا اسلامی برادر ملک ہے۔ پاکستان میں جب کبھی ضرورت محسوس ہوئی تو ترکیہ کے بہن بھائیوں نے دل کھول کر مدد کی اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں انکا ساتھ دیں۔ اس وقت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں شدید سردی ہے اور کھانے، خیموں، بستروں اور گرم کپڑوں سمیت طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ صدر الخدمت نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں ترک سفارت خانے، ترک رفاہی ادارے ‘ٹیکا’ اور ترک ریڈ کریسنٹ سے رابطے میں ہیں اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گی۔ ترکی میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندہ عمر فاروق اس وقت فیلڈ میں موجود ہیں اور ضروریات کے حوالے سے مسلسل رابطہ کاری کا کام کر رہے ہیں۔