مزید خبریں

کوئٹہ: پی ایس ایل کی سیکورٹی کیلیے 3ہزار پولیس اہلکار تعینات

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ہونے والے نمائشی میچ کے موقع پر سیکورٹی کے لیے 3ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں،قومی پرچم کے علاہ کسی بھی ملک اور سیاسی پارٹی کے جھنڈے کو اسٹیڈیم میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی ناہی کسی کو بغیر ٹکٹ گرائونڈ میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو پریس کلب میں پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی سیکورٹی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ڈی آئی جی پولیس اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں پی ایس ایل کا نمائشی میچ کھیلا جارہا ہے جس کے لیے سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں سیکورٹی کے لیے 3 ہزار اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے ، میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ بھی گزارش ہے کہ بغیر ٹکٹ کے لوگ اسٹیڈیم کی طرف نہ آئیں کیونکہ بغیر ٹکٹ کے کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے تمام انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے اسٹیڈیم کے قریب خصوصی طور پر پارکنگ ایریا بنایا گیا ہے جہاں صرف اسٹیکرز والی گاڑیوں کو آنے کی اجازت ہو گی۔