مزید خبریں

سیلابی ریلا سکھر بیراج سے ٹکراگیا ،دریائے سندھ کا کچا زیر آب

سکھر (نمائندہ جسارت) سیلابی ریلا سکھر بیراج سے ٹکرا گیا،دریائے سندھ کا کچا زیر آب آگیا، کچے میں پانی اُترنے سے مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں دریائے سندھ میں درمیانی درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، نچلے ، درمیانے اور اونچے درجے کا سیلاب سے سکھر بیراج سے پانی گزارنے کی گنجائش میں مزید کمی واقع ہو گئی ہے، دوسری جانب کچے کے مکینوں نے نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقلی شروع کر دی ہے،سکھر اور گڈو بیراج پر 3 روز سے سیلابی صورتحال برقرار، سکھر رینج کے 24 مقامات حساس قرار دے دیے گئے ہیں ، ملک بھر میں مون سون کی بارشوں سے دریائے سندھ میں پانی میں اضافہ، سکھر، گدو اور کوٹری بیراجوں پر پانی کی سطح بلند اور محکمہ انہار کی غفلت سے بندوں کی پشتوں کمزور ہونے سے خطرناک صورتحال ہوگئی ہے، موجودہ صورتحال میں دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں اور پشتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، ان پشتوںاور بندوںکو مزید پختہ اور نگرانی کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ علاوہ ازیں سکھر شہر اور گردونواح میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کی سڑکوں پر جمع شدہ پانی کی نکاسی کے لیے ڈپٹی کمشنر سکھر نے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر، شکارپور روڈ، بندر روڈ ، گھنٹہ گھر، مہران مرکز، ورکشاپ روڈ ،پرانہ سکھر ،حسینی روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے پمپنگ اسٹیشنز پر بھی افسران کی سرزنش کی اور پانی کی نکاسی کو تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں پنوعاقل شہر اور اطراف میں موسلادھار بارش سے گلی محلے کوچوں چوک چوراہے اور سڑکیں پانی کا تالاب بن گئیں ہیں۔