مزید خبریں

ظالمانہ نظام کیخلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے‘اسماسفیر

کراچی (پ ر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع گلبرگ وسطی کا ماہانہ رپورٹنگ اجتماع اور عید ملن قبا آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا۔ حاضرین سے نائب نگران شعبہ نشر و اشاعت کراچی شبانہ نعیم نے امت مسلمہ اور خصوصاً فلسطین کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے 7 اکتوبر 2023 ء کے مقبوضہ علاقے (اسرائیل) پر حملے نے غزہ کو پوری دنیا کا نیوکلس بنادیا ہے۔ آج امت مسلمہ کو متحد ہو کر اہل فلسطین کا ہر طرح ساتھ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ انبیاء کی سرزمین ہے اور بیت المقدس کی حفاظت ہم سب پر بھی فرض ہے لیکن مسلم حکمرانوں کی خاموشی بہت بڑا المیہ ہے۔انہوں نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اور فلسطین کے لیے انفاق پر زور دیا۔ سابقہ ناظمہ کراچی ورکن مرکزی شوریٰ اسماء سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کو اپنے کیریئر سے زیادہ ظالمانہ نظام کے خلاف کھڑے ہونے کی فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کام میں اخلاص بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور اخلاص سے پہلے صحیح فہم کا ہونا ضروری ہے اسی طرح قول و فعل کا تضاد بھی بات کے اثر کو ختم کر دیتا ہے ہمیں ان باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ناظمہ ضلع طلعت ندیم نے ناظمات علاقہ سے رپوٹ لی اور ان پر تبصرے کیے اس موقع پر نائب ناظمہ کراچی سمیہ عاصم ان کے ساتھ تھیں۔