مزید خبریں

ملکی معیشت پر اشرافیہ کی اجارہ داری قائم ہے ‘شاہد حسن

کراچی (پ ر) ہمدرد شوریٰ کے اراکین نے ملک پر بڑھتے بیرونی قرض پر گہری تشویش کا اظہار کیا اورپاکستان کے مالیاتی استحکام کے لیے طویل مدتی پالیسیاں اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی درخواست پرہمدرد شوریٰ کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز اسپیکر جنرل (ر) معین الدین حیدر کی زیر صدارت ’’کیا ہم ہمیشہ قرضوں کے دلدل میں پھنسے رہیں گے‘‘ کے موضوع پر ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں خطاب کرتے ہوئے مہمان مقرر معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہاکہ پاکستان کی معیشت پر اشرافیہ کی اجارہ داری قائم ہے۔ وفاقی و صوبائی سطح پر جو بھی پالیسیاں اپنائی جاتی ہیں وہ درحقیقت اسی طبقے کے مفاد میں بنائی جاتی ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں ہوش رُبا اضافہ ہوا ہے۔ ان قرضوں سے عام پاکستانیوں کو تو کوئی فائدہ نہیں ہوا، الٹا مہنگائی کئی فیصد بڑھ گئی ہے۔ تعلیم و صحت کے لیے مختص بجٹ فنڈ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ بنیادی خام مال کی قیمت میں مسلسل اضافے سے کاروباری طبقے کے لیے عالمی منڈیوں میں مسابقت کرنا مشکل تر ہوتا گیا۔