مزید خبریں

عمرانی فتنے نے اخلاقیات کاجنازہ نکال دیا، نوازشریف

لندن(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں بھارت محض طاقت کے بل بوتے پر جموں وکشمیرپر غاصبانہ تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا، کشمیری رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا دیکر بھارت نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کا تمسخر اڑایا ہے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ عمرانی فتنے نے پاکستان میں ایک دوسرے کی عزت واحترام،شرافت و شائستگی کی روایات اور اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے۔ لٰہذا پوری قوم کو متحد ہوکر اس فتنہ کا مقابلہ کرنا ہوگا وہ اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کرنے والے مسلم لیگ ن آزادکشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری راجا محمد ادریس اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر برطانیہ کے مرکزی رہنما چودھری جاوید قادر سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر برطانیہ میں مسلم لیگ ن برطانیہ کی تنظیم سازی کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔