مزید خبریں

حیدرآباد: گرمی کے آغاز ہوتے ہی ٹرانسفارمرز خراب ہونے لگے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں گرمی کا آغاز ہوتے ہی بجلی کے ٹرانسفامرزخراب ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس پرحیسکو کے مختلف سب ڈویژن دفاتر کے افسران اور عملے نے خراب ٹرانسفارمر بنانے کے نام پر بھتہ خوری شروع کردی ہے ۔اس سلسلے میں حیسکو علامہ اقبال سب ڈویژن لطیف آباد کے افسران نے نیب اور ایف آئی اے سے بچنے کیلیے پرائیویٹ بیٹرز بھی رکھ لیے ہیں اور جگہ جگہ غیر قانونی بجلی کے کنڈے علامہ اقبال سب ڈویژن کے افسران کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔حیسکو علامہ اقبال سب ڈویژن لطیف آباد میں لاقانونیت عروج پرہے، لطیف آباد نمبر 9شہباز کالونی میں بارش کے دوران خراب ہونے والے ٹرانسفارمر کی مرمت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے ناجائز طور پر وصول کرنے کی باز گشت ہے اور وصولی کیلیے ایک با اثر اے ایل ایس نے پرائیویٹ افراد پر مشتمل گروہ بنا رکھا ہے، جو کہ صارفین کو بجلی کے کنڈے لگوا کردینے اور سودے بازی کے دیگر کام بھی کرتا ہے۔ علامہ اقبال سب ڈویژن میں باقاعدہ بجلی کے بل بھرنے والے صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ ماہانہ بھتہ طے کرکے بجلی استعمال کرنے والے کمرشل ، صنعتی اور گھریلو صارفین بجلی کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں جس کا تمام تر بوجھ قانونی بجلی استعمال کرنے والے غریب صارفین پر ڈیڈکشن کی صورت میں ڈال دیا جاتا ہے ۔ علامہ اقبال سب ڈویژن میں کنڈوں کی فراہمی کا کام بڑے اہتمام سے چل رہا ہے جس میں علامہ اقبال سب ڈویژن کے ایس ڈی او اورایل ایس مافیا سمیت سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اور اب یوسی چیئرمین و کونسلرزبھی شامل ہیں جو کہ کرپٹ حیسکو افسران اور عملے کیلیے پرائیوٹ بیٹرز کا کام انجام دے رہے ہیں اور بجلی چوروں سے بھتہ اور لین دین کے تمام معاملات طے کر رہے ہیں۔