مزید خبریں

پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کردیا،چیف الیکشن کمشنر سے پھر استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)تحریک انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے اور چیف الیکشن کمشنر سے پھر استعفے کا مطالبہ کردیا۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی ، سیکرٹری جنرل عمر ایوب ، شبلی فراز ، رؤف حسن ، مہر بانو قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ آج ون ایجنڈے کے تحت پریس کانفرنس کی جا رہی ہے، آج ہم 300 صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر جاری کر رہے ہیں ،ہم قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں جیت چکے ہیں، فارم 47 بناکر ہماری سیٹیں دوسروں کو دی گئیں، ہم نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا، وہ پٹیشن بھی آج تک نہیں لگ سکی، انتخابی نشان چھین کر ہمیں میدان میں بھیجا گیا، ہم نے بائیکاٹ نہ کیا اور پرامن انداز سے حصہ لیا، فارم 47 کے ذریعے ہماری فتح کو شکست میں بدلا گیا۔پی ٹی آئی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جن جن حلقوں کی نشاندہی ہم نے بارہا کی وہاں اگلے ہی روز فارم 47 کے ذریعے تبدیلی کی گئی اور تحریک انصاف کے ووٹوں کو تبدیل کرکے ہرایا گیا۔ضمنی انتخابات میں بھی کھلی دھاندلی کی گئی، ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں۔پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ پہلے جب آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں اورجب ہم نے کے پی اور پنجاب سے استعفی دیے تو 90 روز میں الیکشن نہیں کرائے گئے،16ماہ میں ملک کی معاشی لحاظ سے شدید تباہی ہوئی۔شبلی فراز نے مزید کہا کہ عوام نے ووٹوں کے ذریعے اپنا حق ادا کر دیا اور ہم نے 3کروڑ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، لیکن ہمارے ووٹ ہارنے والوں کے کھاتے میں ڈال کر انہیں جتوایا گیا۔