مزید خبریں

شرجیل کی ہدایت پرمنشیات فروشوں کیخلاف مہم میں مزید4گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران مزید 4 منشیات فروش گرفتار کر لیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 کلو چرس، 500 گرام ہیروئن، دیسی شراب اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ کراچی میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کورنگی کی ٹیم نے خالد بن ولید روڈ پر ایمان بلیسنگس بلڈنگ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت خالق نور کے نام سے ہوئی جو ایک نجی سیکورٹی کمپنی کا ملازم ہے۔ ملزم کے قبضے سے 5 کلو 80 گرام چرس اور 2 ایس ایم جی رائیفل، 2 لوڈڈ میگزین، 10 رائونڈ برآمد کر لیے گئے ہیں صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ایکسائز، ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ و ما س ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ منشیات سے پاک مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، منشیات فروش معاشرے کے لیے ناسور ہیں، ان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروش کسی نرمی کی توقع نہ رکھیں، حکومت قانون کی بھرپور طاقت سے ان کو گرفت میں لائے گی۔