مزید خبریں

سندھ ہائیکورٹ کا مغوی کی والدہ کی درخواست پر تحقیقات کا حکم

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے 95 لاکھ روپے کی کاروباری رقم کے تنازعے پر ساڑھے 6 ماہ سے زائد عرصے سے بااثر شخص کی جانب سے نوجوان کو اغواء کرنے اورزنجیروں میں جکر کر قید کرنے سے متعلق مغوی کی والدہ کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر ایس ایس پی حیدرآبادکو کسی بھی حال میں تحقیقات کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ بیراج کالونی کے رہائشی گریجویٹ نوجوان کو19ستمبر کو گھر سے اغواء کیاگیا تھا، بینک کے ذریعے 10 لاکھ رقم وصول کرکے 2 ماہ قبل مغوی نوجوان کو زنجیروں میں جکر کر ٹھٹحہ کے قریب اس کے گھروالوں سے ملاقات کرائی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق بیراج کالونی کی رہائشی بوڑھی خاتون افروز مصطفی نے سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد میں ایڈووکیٹ زمان جتوئی کے توسط سے دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ سندھ، ڈی آئی جی، ایس ایس پی حیدرآباد، عبدالغفور ولد معشوق علی لاکھن سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کا بڑا بیٹا غلام مجتبیٰ G.M.C Constraction Companyکے نام سے کاروبار کرتا ہے، سال 2021ء میں بیٹے مشہد رضا کے واقف کار/ دوست عبدالغفور ولد معشوق نے غلام مجتبیٰ کے کاروبار میں رقم انویسمنٹ کرنا شروع کی اور اگست 2023ء تک دونوں مشترکہ کاروبار کرتے رہے ، اگست 2023ء میں کاروبار میں نقصان پر عبدالغفور ولد معشوق اور اس کے دیگر ساتھیوں نے میرے بیٹے غلام مجتبیٰ پر 95 لاکھ روپے سے زائد رقم کا دعویٰ کرتے ہوئے میرے بیٹے اورتمام گھر والوں کو حراساں کرنے کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے ہمارے خاندان پر زندگی تنگ کر دی اور کئی بار ہمارے گھر میں داخل ہوکر میرے بیٹے غلام مجتبیٰ کو میری اور میرے بیٹے کی بیوی اور معصوم بچوں کے سامنے شدید تشدد کا نشانہ بناتا رہا، 19 ستمبر 2023ء کو رات تقریباً ساڑھے 9 بجے عبدالغورولد معشوق پستول لے کر دیگر 3 افراد جن کے ہاتھوں میں جدیدتھے، ہمارے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور میرے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے کار میںڈال کر لے گئے اورہمیں عبدالغفور نے کہا کہ 95 لاکھ روپے کا بندوبست کرو نہیں تو غلام مجتبیٰ کے ٹکڑے کر دیں گے۔ ملزم عبدالغفور کافی سیاسی اثر و رسوخ رکھتا ہے اورپولیس میں بھی اس کا اثرو رسوخ ہے، درخواست پر جسٹس شمس الدین عباسی نے سماعت کرتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآباد کو ہرحال میں تحقیقات کرکے 22 اپریل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اورنامزد فریق عبدالغفورلاکھن کو نوٹس جاری کیے ہیں،عدالت عالیہ کے احکامات پر ایس ایس پی امجد شیخ نے ڈی ایس پی کینٹ افتخار برڑو کو معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔