مزید خبریں

کوئی طاقت ہماری ترقی نہیں روک سکتی ، چینی صدر

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین کی تکنیکی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا۔انہوںنے یہ بات نیدرلینڈز کے وزیر اعظم مارک روٹے سے بیجنگ میں سیمی کنڈکٹر سیکٹر سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کے لیے ہونے والی ملاقات کے دوران کہی ۔ خبررساں اداروں کے مطابق اے ایس ایم ایل ایک ڈچ کمپنی ہے جو چپ مینوفیکچرنگ مشینیں فراہم کرتی ہے۔ موبائل فون سے لے کر کاروں تک ہر چیز میں استعمال ہونے والے جدید ترین سیمی کنڈکٹرز بنانے کے لیے درکار آلات تیار کرنے والی دنیا کی صف اول کی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔حالیہ برسوں میں یہ شعبہ ایک بڑا میدان جنگ بن گیا ہے۔ امریکا اور چند یورپی ممالک نے فوجی استعمال کے خوف سے چین کو ہائی ٹیک چپ ٹیکنالوجی کی برآمدات روک رکھی ہیں۔ اے ایس ایم ایل نے اعلان کیا ہے کہ ڈچ حکومت پر امریکی دباؤ کی اطلاعات کے بعد کمپنی نے چین کو جدید آلات کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے شی جن پنگ نے کہا کہ چینی عوام کو بھی ترقی کے جائز حقوق حاصل ہیں۔کوئی طاقت چینی سائنسی اور تکنیکی ترقی کی رفتار کو نہیں روک سکتی۔ انہوں نے مزید کہاکہ چین جیت کا عزم لیے دنیا بھر میں اعلیٰ ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش رفت جاری رکھے گا۔ کھلاپن اور تعاون ہی ترقی کی راہ میں واحد راستہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈچ وزیراعظم مارک روٹے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ سیمی کنڈکٹرز کے بارے میں بات چیت کی تفصیلات ظاہر نہیں کر سکتے۔انہوںنے کہا کہ میں سیمی کنڈکٹر سیکٹر اور اے ایس ایم ایل جیسی ہماری کمپنیوں کے بارے میں جو کچھ بتا سکتا ہوں وہ یہ ہے کہ جب ہمیں ایکشن لینا ہوتا ہے تو کبھی بھی کسی ایک ملک کو خاص طور پر نشانہ نہیں بنایا جاتا۔ ہم ہمیشہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ اثر محدود ہو اور سپلائی چین کو متاثر نہ کرے۔ اس طرح مجموعی اقتصادی تعلقات متاثر نہیں ہوتے۔