مزید خبریں

مہنگائی سے مزدور و محنت کش طبقہ شدید پریشان ہے، نوید عباسی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے قائم مقام ڈسٹرکٹ آرگنائزر نوید عباسی نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ آفس پر ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے مرکزی ذمے داران جوائنٹ انچارج ندیم خان اراکین مرکزی کمیٹی ظفر عباس، اشرف بوزئی، آصف صدیقی،عظیم ظہور، ظہیر احمد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے مزدور و محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کوشاں ہے اور لیبر ڈویژن کے ذمے داران و کارکنان صنعتی و سرکاری اداروں میں ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے جہدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل مہنگائی و ملکی معاشی ابتری نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے اسی طرح سرکاری ملازمین و صنعتی اداروں کے ملازمین بھی بے چینی کا شکار ہیں انہیں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مراعاتیں بھی نہیں ملتیں اور سرکاری و صنعتی اداروں میں مزدور طبقہ سخت بے چینی کا شکار ہے پرائیویٹ اداروں میں غیر ہنر مند کارکنان کی حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت کے حکم پر شاذ و نادر ہی عمل ہو رہا ہے ۔انہوں نے حکومت سندھ سے بھی مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ و وفاق کے اعلان کردہ کم از کم تنخواہ کے اعلان پر حیدرآباد کے پرائیویٹ اداروں میں سختی سے عمل کروایا جائے ۔