مزید خبریں

ایشز سیریزکا چوتھاٹیسٹ آج سے مانچسٹر میں شروع ہوگا

مانچسٹر (جسارت نیوز):انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ آج سے 23 جولائی ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائیگا۔ مہمان آسٹریلوی ٹیم کو میزبان انگلینڈ کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں1-2 کی برتری حاصل ہے۔ کینگروز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد2 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں 43 رنز سے ہرایا تھا تاہم تیسرے ٹیسٹ میچ میں برطانوی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست د ی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان مینز ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ آج سے23 جولائی تک ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹرمیں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر بین اسٹوکس لیڈ کر رہے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم مایہ ناز فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ ایشز سیریز کے پانچوں میچز انہی 5 مقامات پر کھیلے جائیں گے جہاں پر 2019کی ایشیز سیریز کے میچز کھیلے گئے تھے۔انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 72 ایشز سیریز ہوچکی ہیں جن میں آسٹریلیا کا پلہ باری ہے۔34 میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی جبکہ 32 سیریز انگلینڈ کے نام رہیں ۔6 ایشز سیریز بے نتیجہ رہیں۔یہ سیریز مجموعی طور پر 73ویں ایشز سیریز اور انگلینڈ میں ہونے والی 37ویں سیریز ہے ۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ایشز سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم کو 0-4 سے شکست دی تھی۔واضح رہے کہ 2023اور2025 کی ایشز سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا 5واں اور آخری ٹیسٹ میچ 27 سے 31 جولائی اوول ،لندن کے میدان میں کھیلا جائے گا۔