مزید خبریں

جیکب آباد ،پیما نے گل اسپتال کے ڈاکٹرز وعملے کے اعزاز میں افطار ڈنردیا

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن(پیما) جیکب آباد کی جانب سے گل اسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں شہر بھر سے مختلف امراض کے ماہر و معروف ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین جن میں نائب امیر جماعت اسلامی جیکب آباد و مدرسۃالقرآن کے پرنسپل علامہ محمد حنیف کھوسو اور صدر پیما جیکب آباد ڈاکٹر نصراللہ سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک میں روزوں کا رکھنا محض عبادات تک محدود نہیں بلکہ یہ تو ہر آنے والے پورے سال میں کیسے بھی سخت حالات درپیش آئیں ان پر کیسے اور کس طرح صبر و استقامت کا دامن پکڑ کر تقویٰ کو اختیار کر کے ان سے نکلنے کی تربیت کا انتظام ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ دین فطرت اسلام، انسانی معاشرے میں معاملات کی فہم و فراست کے ساتھ ساتھ انسانوں کے اعلیٰ اخلاق پر زور دیتا ہے جو اللہ کے تقویٰ اختیار کیے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن کلام الٰہی میں یہ بات واضح اور تفصیل کے ساتھ موجود ہے کہ رمضان المبارک کے روزوں کی ہر دور کے امت پر فرضیت بھی اسی تقویٰ کے حصول کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں تربیت کا نتیجہ آپ ﷺ کی حدیث المبارک کے روشنی اس طرح ہونا چاہیے کہ وہ عام زندگی میں ہر فرد جھوٹ سے اجتناب کر کے، امانت میں خیانت نہ کرنے ساتھ اپنے اخلاق و کردار کو اعلیٰ رکھتے ہوئے حلال رزق کا اہتمام کرے۔تقریب کی اختتامی دعا سے قبل پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عبدالرشید عبدالوہاب میمن نے پیما سندھ کے ہونے والے سیمینار میں شرکت کے لیے وہاں موجود ڈاکٹرزکو بریفنگ دی۔