مزید خبریں

دنیا بھر میں اسکول جانے والے ایک تہائی بچے صاف پانی سے محروم

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت یونیسکو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسکول جانے والے ہر 3 میں سے ایک بچے کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے اس کے نتیجے میں طلبہ کی صحت اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ یونیسکو کی جانب سے جاری ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں اسکول جانے والے ایک تہائی بچے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ہر 3 میں سے ایک اسکول میں بیت الخلا اور نکاسی آب کی بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ 50 فیصد اسکولوں میں پانی اور صابن سے ہاتھ دھونے کی سہولیات دستیاب نہیں۔ رپورٹ مرتب کرنے والے ماہرین نے بتایا کہ پینے کا صاف پانی اور ہاتھ دھونے کی سہولیات کا فقدان بچوں میں ہیضہ اور نظام تنفس کے امراض کو پروان چڑھاتا ہے۔ پینے کے صاف پانی سے محروم اسکول کے طلبہ کے لیے کھانا بھی اصولوں کے مطابق تیار نہیں کیا جاتا اور بچے کم خوراکی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی حکومتوں کو پانی اور نکاسی آب کے ساتھ ساتھ ان تمام شعبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہیے جس سے بچے معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔ اگر بچوں کی صحت اچھی نہیں ہوگی یا انہیں اسکولوں میں تحفظ نہیں ملے گا تو ان کے لیے تعلیم کا حصول بھی بہت مشکل ہو جائے گا۔واضح رہے کہ یونیسکو اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ ہے،جو عام طور پر آبادیوں کے رہن سہن کی نگرانی کرتا ہے۔