مزید خبریں

سعودی ولی عہد کا دورہ ترکیہ، اردوان سے ملاقات

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ترکیہ پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے صدر اردوان سے ملاقات کی۔ سعودی ولی عہد نے کئی برس بعد ترکیہ کا دورہ کیا ہے، جس کا مقصد سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان خراب تعلقات کو مکمل طور پر معمول پر لانا ہے۔ اس سے قبل اپریل میں رجب طیب اردوان نے علاقائی طاقتوں کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لیے ایک سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی، معیشت، سیکورٹی اور سرمایہ کاری سے متعلق اہم معاہدے متوقع ہیں۔ اس سے قبل صدر اردوان نے کہا تھا کہ وہ شہزادہ محمد بن سلمان انقرہ میں ہونے والی بات چیت کے دوران اس بات پر تبادلہ خیال کریں گے کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات کو کس طرح اعلیٰ سطح تک لے جا سکتے ہیں۔ ترکی جانے سے پہلے شہزادہ محمد نے نے عمان کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی تھی۔ وہ منگل کے روز مصر کے دورے کے بعد اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے ایران، یمن، عراق، لیبیا، سوڈان، لبنان، شام اور فلسطین کے مسائل سمیت مختلف علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ واضح رہے کہ شہزادہ محمد شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی ہدایات پر یہ سہ ملکی دورہ کررہے ہیں۔ اس کا مقصد مصر، اردن اور ترکی کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔