مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکم امتناع کی استدعامسترد

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت کاکہناتھا کہ گزشتہ روز بیرسٹر فروغ نسیم نے بھی یہی درخواست کی تھی جو مسترد کی جاچکی ہے، درخواست گزار کے وکیل کاکہناتھا کہ عدالت عظمیٰ نے حکومت سندھ کو بلدیاتی انتخابات آرٹیکل 140 اے کے تحت کرانے کی ہدایت کی ہے، حکومت سندھ ابھی تک بلدیاتی قوانین کو آئین کے آرٹیکل 140A سے ہم آہنگ نہیں کرسکی، ضلع غربی تقسیم کرکے نیا ضلع کیماڑی تشکیل دیا گیا ہے، اس تقسیم سے ضلع غربی اور کیماڑی کے حلقوں میں تبدیلیاں ہوئی ہیں،ابھی نئے حلقے تشکیل نہیں دیے جاسکے، امیدواروں کو اپنے ووٹررز اور علاقوں کا پتا ہی نہیں، عدالت کاکہناتھا کہ آپ نے الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کو کیوں فریق بنایا ہے؟ الیکشن کمیشن میں سیکڑوں پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں،تو ان سب کو فریق کیوں نہیں بنایا، وکیل کاکہناتھا کہ پیپلزپارٹی حکمران پارٹی ہے، اس نے اپنے مفاد کیلیے بدنیتی کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کرائیں، عدالت کاکہناتھا کہ تمام پارٹیاں الیکشن لڑنے کا حق رکھتی ہیں، حکومت سندھ کو فریق بنانے کے بعد سیاسی پارٹی کو فریق بنانے کا جواز نہیں، عدالت کی ہدایت پر درخواست گزار کے وکیل نے فریق کی حیثیت سے پیپلز پارٹی کا نام درخواست سے نکال دیا ، عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست بھی ایم کیوایم کی درخواست کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔