مزید خبریں

ایران سے کثیر الجہتی نوعیت ک ے تعلقات ہیں، اسعد محمود

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کثیر الجہتی نوعیت کے ہیں، پاکستان، ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم رہے ہیں۔ تمام دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور میں ہمارے اور ایران کے درمیان مکمل اعتماد اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت مواصلات میں پاکستان میں مقیم ایران کے سفیر سید محمدعلی حسینی سے ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر مواصلات کے وفاقی سیکرٹری و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا سمیت، وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔اسعد محمود نے کہا کہ اگرچہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تجارتی حجم کم ہے ،جوکہ تقریباً ایک ملین امریکی ڈالر ہے تاہم پاکستان پرعزم ہے کہ اس دو طرفہ تجارتی حجم کو 5 ،ارب امریکی ڈالر تک کی سطح پر لے جایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے ایک اضافی بارڈر کراسنگ پوائنٹ / بارڈر ٹرمینل گبد (گوادر کے قریب) ریمدن پاکستان نے حال ہی میں آپریشنل کرلیا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ معاہدے کا مقصد ترکی سے پاکستان کے لیے ٹریفک/ ٹرکوں کو ایران سے گزرنے کی سہولت دینا جبکہ ایرانی سامان تجارت اور مسافروں کو چین جانے کے لیے پاکستان سے گزرنے کی سہولت دینا ہے،جس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر عملدرآمد سے پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں اور ترکی کے ذریعے یورپ تک رسائی حاصل ہونے کا فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔