مزید خبریں

کے ڈی اے نے سجاس الیون کیخلاف نمائشی کرکٹ میچ جیت لیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کارساز کرکٹ گراؤنڈ میں ڈی جی کے ڈی اے الیون اور سجاس الیون کے درمیان کھیلے گئے نمائشی میچ میں سجاس الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے شاہد انصاری 25 اور محسن رضا 24 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، جواب میں کے ڈی اے الیون نے ہدف 18ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فاتح ٹیم کے مختار احمد ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 63 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ڈی جی کے ڈی اے سید محمد علی شاہ نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 قیمتی رنز بناکر جیت میں اپنا حصہ ڈالا تاہم محمد نعیم 2 اوور میں 26 رنز دیکر 3 بیٹرز کو پویلین بھیج کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے ڈی اے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا اسپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ میچ کے انعقاد کا مقصد محکمہ میں صحت مند سرگرمیوں کے پلان کو اجاگر کرنے کے ساتھ صحافیوں اور محکمہ کے افسران کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر کرکٹ اور ہاکی کے بعد فٹبال اور باسکٹ بال ٹیمیں بھی جلد تشکیل دیں گے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔