مزید خبریں

وزیر داخلہ کا غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ صحافیوں سے ملاقات کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں غیر قانونی رہائشی غیر ملکیوں کا ڈیٹا پہلے سے موجود ہے‘جن غیر ملکیوں کے پاس کارڈ موجود ہیں، ان کے لیے 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ 3 ماہ کے بعد ان کو بھی جانا پڑے گا۔ آئی جی اسلام آباد غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کے خلاف کمر کس لیں‘اسلحہ لائسنس کے اجرا پر عدالت عظمیٰ کے احکامات پر پابندی عاید ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ 25 سال سے بھائیوں والا تعلق ہے ‘ میرے لیے وزارت نہیں‘ ان سے تعلق اہم ہے‘ تعلق بگاڑنے کی کوشش کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی‘ کرپشن کے خلاف سرگرم ہیں‘ خاتمے کا دعویٰ نہیں تاہم اس میں کمی ضرور لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں‘ سہولت مرکز کو 24 گھنٹے فعال بنا رہے ہیں‘ تھانہ کلچر میں بھی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ‘چینی شہریوں کی سیکورٹی میں جو کمی رہ گئی تھی اسے پوارا کریں گے‘ اس کے لیے اسپیشل فورس بنا دی گئی ہے ۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آزاد ویزاپالیسی کا حامی ہوں‘ چاہتا ہوں سکھوں کے لیے پاکستان کے ویزے آسان کردیے جائیں‘ خواہش ہے کہ سکھوں کو آن آرائیول ویزے کی سہولت دی جائے ۔