مزید خبریں

ایک ہفتے کے دوران15اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں،ادارہ شماریات

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان برقرار رہا ہے‘ حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 1.10 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتے وار مہنگائی کی مجموعی شرح بھی کم ہوکر 26.94 فیصد کی شرح پر آگئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔رپورٹ کے مطابق آلو کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 40 پیسے، خشک دودھ 390 گرام 10 روپے 39 پیسے، برانڈڈ ویجیٹبل گھی فی کلو ساڑھے3 روپے، دال ماش فی کلو 4 روپے تک اورچینی فی کلو87 پیسے مہنگی ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دال مسور فی کلو 20 پیسے، گڑ فی کلو ایک روپے 21 پیسے، دال مونگ 52 پیسے، بکرے کا گوشت 9 روپے 40 پیسے فی کلو اور بیف کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 26 پیسے کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 24 روپے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 29 روپے اور زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 60 روپے تک کمی آئی۔ اسی طرح 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 114 روپے، انڈے کی فی درجن قیمت میں 11 روپے تک کمی ریکارڈ ہوئی، جبکہ گھریلو سلنڈر 134 روپے 83 پیسے سستا ہوا۔