مزید خبریں

شان رسالت ﷺ میں گستاخی:جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)بھارتی حکمران پارٹی بی جے پی کے رکن کی جانب سے شان رسالتﷺ میں گستاخی کی ناپاک کوشش کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مسجد قباء ہیرآباد میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی، لطیف آباد نمبر 8 میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔مظاہرین نے بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ اور بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔جماعت اسلامی زون لطیف آباد اے کے ناظم عامر فاروق، مشتاق احمد خان ، جماعت اسلامی زون شمالی کے ناظم ظہیرالدین شیخ اور سیکرٹری زون شمالی اقبال قریشی نے بھی مظاہرے سے خطاب کیا۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے ہیرآباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندستانی انتہا پسند حکومت کے ترجمان ملعون نوپور شرما کی طرف سے رسالت ماب آنحضرت ﷺ کی توہین کرنے سے امت مسلمہ کی شدید دل آزاری ہوئی ہے۔ مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کیا ہے۔ حکومت بھارتی مصنوعات کا مکمل کا بائیکاٹ کرے، بھارتی سفیر کو فی الفور ملک بد ر کیا جائے، بھارت میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی، عرب ممالک سمیت مسلم ممالک نے بھارت کے خلاف آواز اٹھائی لیکن ہم پاکستانی حکومت کے منتظر رہے کہ یہ بھی کوئی آواز اٹھائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ایک عرصہ سے بھارت میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف شرانگریزی جاری ہے، مسلمانوں کو مسلسل ظلم وستم کا نشانہ بنایارہا ہے لیکن اقوام عالم خاموش تما شائی ہے، بھارت کشمیر میں بربریت کررہا ہے لیکن اب بات بہت آگے نکل چکی ہے ،سرکاری سطح پر نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی سازش کی گئی ہے جو کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے ،ایسے میں حکومت پاکستان کا رسمی احتجاج لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے عرب ممالک،اسلامی ممالک اوآئی سی سے مطالبہ کیا کہ بھارت سے مکمل سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں اور بھارتی مصنوعات پر مکمل پابندی عائد کریں۔حافظ طاہر مجید نے کہا کہ عرب عوام کی طرف سے بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ ایمانی غیرت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے عالم اسلام سے اپیل کی کہ بھارتی مصنوعات کا پوری طرح سے بائیکاٹ کرکے بھارت کو شدید معاشی جھٹکا دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی معیشت عرب اور اسلامی ممالک کے سہارے کھڑی ہوئی ہے۔ عالم اسلام کی طرف سے معاشی بائیکاٹ سے بھارتی معیشت زمین بوس ہوسکتی ہے۔