مزید خبریں

پاک قطر فیملی تکافل کا عثمان میموریل اسپتال کے ساتھ معاہدہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک قطر فیملی تکافل نے اپنے ارکان کو معیاری طبّی خدمات فراہم کرنے کیلیے عثمان میموریل اسپتال کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ عثمان میموریل اسپتال کراچی کے سیکنڈری کیئر اسپتالوں میں سے ایک ہے جس میں تربیت یافتہ میڈیکل اسٹاف اور آرام دہ ماحول میں معیاری طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں پاک قطر فیملی تکافل کے ہیڈ آفس میں منعقد تقریب میں پاک قطر فیملی تکافل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عظیم اقبال پیرانی اور عثمان میموریل اسپتال کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سحر سینن نے معاہدے پر دستخط کیے، اس موقع پر دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ بھی موجود تھی۔ پاک قطر فیملی تکافل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عظیم اقبال پیرانی نے کہا کہ پاک قطر فیملی تکافل کی پینل اسپتالوں کی بڑھتی ہوئی فہرست میں عثمان میموریل اسپتال کے اضافے کے ساتھ ہم اپنے ارکان کی حفاظت کیلیے صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے اپنے طویل المدّتی وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شراکت داروں کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ خوشی کی بات ہے جو ہمارے صارفین کو شریعت کے مطابق سلوشنز فراہم کرنے کے ہمارے وژن اور ہدف سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر عثمان میموریل اسپتال کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سحر سینن نے کہا کہ پاک قطر فیملی تکافل کے ساتھ شراکت داری پر انہیں بہت خوشی ہے اور ہم عثمان میموریل اسپتال میں پاک قطر فیملی تکافل کے ارکان کو اعلیٰ معیار کے ساتھ صحت کی خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔