مزید خبریں

حیدرآباد: ایم فل و پی ایچ ڈی کے امتحانات اگست سے کرانے کا فیصلہ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت پی وی سیز، فوکل پرسنز، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز و چیئرپرسنز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پہلے سیمسٹر کے امتحانات کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ بیچلر و ماسٹر کے سیمسٹر امتحانات کے نتائج 15 جولائی 2022ء تک کنٹرولر آفس میں جمع کرانے اور ایم فل و پی ایچ ڈی کے امتحانات موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اگست سے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس وی سی سیکرٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام سرور گچل اور رجسٹرار ڈاکٹر غلام محمد بھٹو بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شام کی شفٹ میں جاری بیچلر ڈگری پروگرامز کے سیمسٹر امتحانات بھی موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اگست میں منعقد کیے جائیں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سمر ویکیشن 13 جون سے 12 اگست تک کی جائے گی، جس کے دوران ہر ہفتے پیر و منگل کو ڈینز کے علاوہ ڈائریکٹرز و چیئرپرسنز اپنے متعلقہ شعبوں میں موجود رہیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ جو شعبے پہلے سے ہی ایم فل و پی ایچ ڈی کے سیمسٹر امتحانات کے شیڈیول جاری کر چکے ہیں، وہ اپنے جاری کردہ شیڈیول کے مطابق امتحانات منعقد کریں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ امتحانات مکمل ہونے تک طلبہ و طالبات ہاسٹلز میں رہ سکتے ہیں۔