مزید خبریں

Jamaat e islami

منی لانڈرنگ کیس،سلمان شہباز سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ کے الزام میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کرنے والی عدالت نے 4 جون کی کارروائی کا تحریری حکم جاری کر دیا جس کے تحت اسپیشل کورٹ سینٹرل نے سلمان شہباز، ملک مقصود اور طاہر نقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ پولیس سے وارنٹ پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ مانگ لی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ایف آئی اے نے ملزمان کے ایڈریس اور ولدیت کے حوالے سے ضمنی چالان جمع کرا دیا ہے۔ پہلے داخل کرائے گے چالان میں ملزمان کے کوائف درست نہیں تھے‘ منی لانڈرنگ کیس کی مزید سماعت 11 جون کو ہوگی۔