مزید خبریں

جماعت اسلامی سے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، میئر کراچی

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہاکہ جماعت اسلامی سے ہمارے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ ایک سلجھے ہو ئے سمجھدار آدمی ہیں، میں حافظ نعیم الرحمن کو جماعت اسلامی پاکستان کا امیر بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ، مجھے امید ہے کہ ان کے امیر بننے کے بعد پاکستان کی سیاست میں مثبت تبدیلی آئے گی، جماعت اسلامی سیاسی طور پر مجھ پر جتنی تنقید کر سکتی ہے کرے لیکن کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے میرے سا تھ تعاون کریں، اس میں کراچی کے شہریوں کی بھلائی ہے۔ بدھ کی شام شاہین کمپلیکس کے قریب قومی، عجائب گھر بزنس گارڈن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے اشاعتی ادارے کے صحافیوں سے خصوصی ملاقات اور بعد ازں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ عسکری پارک اور موجودہ کے ایم سی پارک میں موجود شادی ہال کمرشل بنیا دپر چل رہا ہے مجھے پر یہ انکشاف گزشتہ روز ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد ہوا ہے کہ کے ایم سی کے پا رک میں کمرشل بنیا د پر شادی کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس پر متعلقہ محکمہ سے معلومات حاصل کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ ہم سے کسی قسم کا تعاون نہیں کررہی ہے، کے ایم سی کے پلے گراؤنڈ اور سڑکوں پر بھی ٹاؤن انتظامیہ نے کنٹرول کررکھا ہے ،ہم نے تمام ٹاؤنز کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ ہماری حدود میں کام نہ کریں۔ میئرکراچی نے کہا کہ گزشتہ دنوں طارق روڈ پر کے ایم سی عملے کو کام کرنے سے روکا گیا، اسی طرح شہر کے دیگر مقامات پر کام کرنے سے روکا جارہا ہے ،کے ایم سی کے ماتحت چلنے والے پارکوں پر قبضہ ہوگیا ہے ،قبضہٰ کرکے پارکوں پر تجاوزات قائم کردی گئی ہیں ، اس حوالے سے بھی ہم نے ٹاؤنز کو آگاہ کردیا ہے کہ یہ کے ایم سی کے ریونیو کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے لٰہذا کے ایم سی پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے قبضہٰ ختم کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے زیر نگرانی چلنے و الی سڑکوں پر بھی ٹاؤن انتظامیہ مداخلت کررہی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ نئے قبرستان کے لیے 50ایکٹر رقبے کی جگہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے جلد ہی مشاورت کے بعد شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ مرتضیٰ وہاب کا مزید کہناتھاکہحالیہ بارشوں کے حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں ،جہاں پہلے پانی کھڑا رہنے کی شکایات موصول ہوتی تھی وہاں اب سیوریج سسٹم کو بہتر کرکے سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں ،انہوں نے صحافیوں سے گزارش کی کہ وہ اپنی خبروں میں نشاندہی کرتے رہیں تاکہ شہر کو بہتر بنانے کے اقدامات تیز کرسکیں۔